بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا


ڈھاکہ(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے،

انہوں نے 64اننگز میں 2ہزار 515رنز بنالیے ہیں۔اس سے قبل قومی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ نے 108اننگز میں 2ہزار 514رنز بنائے تھے۔تیسرے نمبر پر محمد رضوان ہیں جنہوں نے 40اننگز کھیل کر 1396رنز اسکور کیے، جبکہ فخر زمان نے 55اننگز کھیل کر 1221رنز بنائے ہیں۔2016میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے والے بابر اعظم اس سال اپنی بھرپور فارم میں ہیں، سال 2021میں بابر اعظم نے 22ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز  میں مجموعی طور پر 834رنز بنائے ہیں،

سال 2018میں انہوں نے 563رنز اسکور کیے تھے۔اسٹائلش بیٹر نے 13مختلف ٹیموں کیخلاف پاکستان کی نمائندگی کی اور ان میں سے 12کیخلاف کم از کم ایک نصف سنچری ضرور اسکور کی۔ بابر نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 454، جنوبی افریقا کیخلاف 410اور آسٹریلیا کیخلاف 317رنز اسکور کیے ہیں۔

بابر اعظم اس سے قبل بھی متعدد قومی اور بین الاقوامی ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں جس کی وجہ سے ان کا شمار دورِ حاضر کے بہترین بیٹرز میں ہونے لگا ہے۔