اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت مصدق ملک سے ترکمانستان کے سفیر کی ملاقات، تا پی گیس پائپ پائن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا، سفیر سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی گیس کی اضافی فراہمی کی ضرورت کے پیش نظر تاپی منصوبے کی جلد تکمیل اہمیت کی حامل ہے۔
وزارت پیٹرلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے ا سلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی)گیس پائپ لائن منصوبے کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وزیر مملکت مصدق ملک نے تاپی منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور منصوبے کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکمانستان کی جانب سے کثیرالجہتی منصوبے کے لیے اسی عزم کا اظہار کیا گیا۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کو قدرتی گیس کی اضافی فراہمی کی ضرورت کے پیش نظر تاپی منصوبے کی جلد تکمیل اہمیت کی حامل ہے۔ ترکمانستان کی جانب سے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔