وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ کی یونیسیف کے نمائندے سے ملاقات،ورکنگ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ کی یونیسیف کے نمائندے سے ملاقات، بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنے ورکنگ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ،وزارت انسانی حقوق اور یونیسیف کے درمیان دو سالہ رولنگ ورک پلان بھی طے پا گیا،

ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ   وزارت انسانی حقوق اسلام آباد کو چائلڈ فرینڈلی سٹی بنانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ترجمان وزارت انسانی حقوق کے مطابق  وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فدل سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنے ورکنگ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، حکومت پاکستان اور یونیسیف کے مابین ملکی پروگرام 22۔2021 پر دستخط کئے ہیں، اس سلسلہ میں وزارت انسانی حقوق اور یونیسیف کے درمیان دو سالہ رولنگ ورک پلان  طے کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزاد نے ملک میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے مستقل حمایت، تعاون اور مدد پر یونیسیف کی ٹیم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کے حقوق کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان پر عزم ہے، چائلڈ لیبر سروے یونیسیف کی مدد سے کیا جارہا ہے، جو بچوں کے مسائل کے بارے میں ڈیٹا حاصل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا،  وزارت انسانی حقوق اسلام آباد کو چائلڈ فرینڈلی سٹی بنانے کے ایجنڈے کے پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ اور قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال کے ڈھانچہ کی مضبوطی اور بحالی کا کام بخوبی جاری ہے،

  اسلام آباد چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ، 2018 کو آئی سی ٹی کی سطح پر کمزور بچوں کو حفاظتی خدمات فراہم کرنے کے لئے نافذ کیا گیا، سی پی آئی کو یونیسیف کے تعاون سے فنکشنل بنایا گیا تھا، سی پی آئی کے بنیادی مقاصد میں محفوظ پناہ گاہ، نفسیاتی سماجی، بحالی اور ریفرل  کی خدمات فراہم کرنا شامل تھا۔ اس موقع پر نمائندہ یونیسف عبداللہ فدل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیسف بچوں کے حقوق کے تحفظ اور حمایت کے لیے  وزارت انسانی حقوق کی ہر ممکن مدد کرے گا۔