نارروال(صباح نیوز) بھارتی سیاستدان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری مکمل کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی انتظامات کے معترف ہیں، دوریاں مٹانے کے لئے تجارت کھلنی چاہیے۔
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی اور نوجوت سنگھ سدھو سمیت سیکڑوں سکھ یاتریوں نے بابا گورونانک کے جنم کی تقریبات میں شرکت کی۔ پاکستان نے 3000 بھارتی سکھوں کو ویزے جاری کیے گئے تھے۔
نوجوت سنگھ سدھو اور دیگر شخصیات کرتارپور کے راستے تقریبات میں شرکت کے لیے کرتارپور پہنچیں اور مذہبی رسومات ادا کیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے لنگرخانہ میں دیگر سکھ یاتریوں کیساتھ بیٹھ کرکھاناکھایا اور حکومت کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔
نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنا بڑا منصوبہ تیار کیا، جس پر میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ واجپائی جب پیار محبت کی بس لے کر آئے تھے دونوں پنجاب خوش ہو گئے تھے، جس طرح کے وزیر اعظم عمران خان نے دانشمند سوچ دکھائی ہے، اسی طرح ورچوئل ٹورازم کی پکار بھی سنیں گے کیونکہ ورچوئل ٹورازم ہے ہمارے ملکوں کے تقدیر بدل سکتا ہے، اگر ہماری تجارت کھلتی ہے اور راستے کھلتے ہیں تو اس سے دونوں ملکوں کے کسانوں کو فائدہ ہو گا۔
بھارتی کانگریس کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری زبان بھی ایک ہے، کلچر بھی ایک ہے، پہلے پہل کی اور کرتارپور مکمل ہوا، دوریاں مٹانے کے لئے تجارت کھلنی چاہیے، جب یورپ میں جنگ ہوئی تو اٹلی، جرمنی تشدد کرتے رہے کروڑوں جان ضائع ہوئی، جب جنگ ختم ہوئی تو ان کو سوچ آئی سارے یورپ نے ایک ویزے پر بارڈر پر کھول دیا، برطانیہ، فرانس، آسٹریا ،پولینڈ نے مل کر ایک کرنسی بنائی، آج وہ زبردست کرنسی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آپس میں بھائی چارہ چاہتا ہوں، دونوں طرف سے دروازے کھلنے چاہئیں۔