دوسرا ٹی ٹوئنٹی’پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز جیت لی


ڈھاکہ(صباح نیوز) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میںبنگلادیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 2.0سے جیت لی۔بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ڈھاکہ کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ کارگر ثابت نہ ہوا اور میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 108 رنز ہی بناسکی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی کھلاڑی کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے نہ دیا۔

شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اوپنر سیف حسن بنا کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے،5 کے مجموعے پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس کے بعد نجم الحسین شانتو اور عفیف حسین نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 51 تک پہنچایا، اس موقع شاداب خان نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ذریعے عفیف کی اننگز کا خاتمہ کیا اور وہ 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے نجم الحسین شانتو نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور وہ شاداب کی گیند پر انہی کو کیچ تھماکر میدان سے رخصت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث رئوف نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں پاکستان ٹیم نے ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو 12کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا اور کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔

محمد رضوان اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح کے لیے راہ ہموار کی اور 85 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

محمد رضوان نے چار چوکوں کی مدد سے 39رنز بنائے جبکہ فخر زمان 51گیندوں میں 57رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمن اور امین الاسلام کو ایک، ایک وکٹ حاصل ہوئی۔