سعودی عرب اور امارات کاپیداوار میں اضافے سے انکار،عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید 2 ڈالر فی بیرل مہنگا


نیو یارک (صباح نیوز) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پیداوار میں اضافے سے انکار کر دیا۔ سپلائی میں کمی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید 2ڈالر فی بیرل مہنگا ہو گیا۔

امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل کی قیمت سوا دو ڈالر اضافہ کے بعد 111ڈالر، 83سینٹ ہوگئی جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 2ڈالر، 85سینٹ مہنگا ہونے کے بعد 118ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ دوسری طرف جبکہ جی سیون اجلاس میں روسی تیل کی قیمتوں کو محدود کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

عالمی منڈی میں ملائیشین پام آئل بھی 26ڈالر مہنگا ہونے کے بعد فی ٹن ایک ہزار، 173ڈالر ہو گیا۔ گندم کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی ٹن گندم پونے دو یورو اضافہ سے 356ڈالر، 25سینٹ کی ہو گئی۔ کساد بازاری کے خدشات کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں سونے اور قیمتی دھاتوں میں سرمایہ کاری کم ہو گئی۔ سونے کی فی اونس قیمت اعشاریہ 22فیصد کمی سے ایک ہزار، 820ڈالر ہوگئی۔

چاندی تقریبا 2ڈالر کمی سے 20ڈالر، 75سینٹ فی اونس ہو گئی۔ تانبہ فی گرام 33سینٹ سستا ہوکر 3ڈالر، 75سینٹ کی قیمت پر آگیا۔ پلاڈیئم 51سینٹ کی کمی سے ایک ہزار، 858جبکہ پلاٹینیم 46سینٹ سستی ہوکر 904ڈالر فی اونس کی قیمت پر آگئی۔ کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی مندی دیکھی گئی۔ ڈا جونز انڈسٹریل انڈیکس 496،ایس اینڈ پی 500انڈیکس اٹھہتر اعشاریہ پانچ پانچ جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 343پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔

عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے کرپٹو کرنسی کی قیمت میں بھی مسلسل کمی جاری ہے۔ بٹ کوائن کی قدر 2.83فیصد کمی سے 20ہزار 283ڈالر ہو گئی۔ چھ ماہ  میں بٹ کوائن کی قدر میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ایتھریم کی قدر 3.46فیصد کم ہو کر ایک ہزار 155ڈالر ہو گئی۔