باغ (صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کا مختصر دورہ باغ،دیرینہ ساتھی سردار محمد صدیق خان چغتائی مرحوم کے گھر آمد۔سردار صدیق کی قبر پر حاضری دی ان کے بھتیجے سردار افتخار رشید مرکزی رہنما تحریک انصاف،مرحوم کے بھائی سردار رشید زمیندار اور ان کے بیٹوں سردار وقار چغتائی، سردار امتیاز چغتائی سمیت اہل خانہ سے تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے گزشتہ روز سابق سربراہ امریکن ایکسپریس پاکستان سردار محمد صدیق خان کی وفات پر انکی رہائشگاہ بنگراں وسطی باغ میں جا کر لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کی قبر بھی حاضری دی۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ سردار صدیق چغتائی ہمارے دیرینہ ساتھی تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا سردار صدیق مرحوم نے سینکڑوں بے روز گار لوگوں کو روزگار دلایا اور سماجی کاموں میں انکی خدمات لائق تقلید ہیں انہوں نے کہا کہ موت ایک حقیقت ہے اور موت کا کوئی علاج نہیں ہم سب نے ایک دن جانا ہے دنیا میں رہتے ہوئے سردار صدیق چغتائی کی طرح ایسے کام کرنے ہونگے جو آخرت میں ہمارے کام آسکیں
انہوں نے کہا کہ سردار صدیق مرحوم نے پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزاری ہے انکی خدمات کے اعتراف میں یہاں پر انکے نام سے منصوبے بنائیں گے۔اس موقع پر انکے ہمراہ کمشنر پونچھ ڈویژن عنصر یعقوب،ڈپٹی کمشنر باغ محمد صابر مغل،ایس پی شوکت حیات مرزا،فوکل پرسن وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار منظور حسین ایڈووکیٹ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سردار محمد پرویز خان، ایم ایس ڈاکٹر آفتاب،اے ڈی لوکل گورنمنٹ سردار ارشاد عباسی،اسسٹنٹ کمشنر بینش جرال سمیت دیگر ضلعی آفیسران تحریک انصاف کے کارکنان و عوام علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔