تنازعہ کشمیر کوبین الاقوامی فورموں پر اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ میں مقیم کشمیریوںکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،سید یوسف نسیم


اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سابق کنوینئر سید یوسف نسیم نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کوبین الاقوامی فورموں پر اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،بیرون ملک کشمیریوں کو متحد ہوکر ون پوائنٹ ایجنڈے کے تحت مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اپنی کوششوں کو مربوط کرنے کی ضرورت ہے ،

سید یوسف نسیم  چارماہ کے برطانیہ کے دورے کے بعدکل جماعتی حریت کانفرنس کے ممبران کو بریفنگ دے رہے تھے ،اجلاس میں تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے کردار کی تعریف کی گئی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں منعقدہ ہوا ۔ اجلاس میںبرطانیہ اوریورپ میں سرگرم لارڈ قربان، راجہ نجابت حسین، محمد غالب، فہیم کیانی، بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، نذیر احمد شال، نذیر احمد قریشی، اعجاز فضل، سید نذیر گیلانی، مزمل ایوب ٹھاکر، بیرسٹر اظہر اقبال، بیرسٹر عابد حسین اور سید کامران عابد بخاری کی کشمیرکے بارے میں خدمات کاخیرمقدم کیاگیا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر سید یوسف نسیم نے 4ماہ کے برطانیہ کے دورے کے بعد اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کوبین الاقوامی فورموں پر اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات پر سخت ردعمل کا اظہار کیاتھا۔

سید یوسف نسیم نے برطانیہ بھر میں مختلف کانفرنسوں میں شرکت کی اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں، بار کونسلوں اور سیاسی کارکنوں سے بات چیت کی اور انہیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا