انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار اداکریں،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر


اسلام آباد (کے پی آئی ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر نے  اتوارکو تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 12دسمبر 1997کو قرار داد نمبر149/52کو منظور کرتے ہوئے ہر سال26جون کو تشدد کے شکار لوگوں کی حمایت میں علامتی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں بے شمار عقوبت خانے قائم کر رکھے ہیں۔ پاپا 1، پاپا 2 ،کارگو، ہری نواس اور ہمہامہ تھانہ بدنام زمانہ تفتیشی مراکز ہیں جہاں ظالمانہ تشدد کے دوران ہزاروں کشمیریوں کی جانیں چلی گئیں۔۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے خط میں لکھا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کوایک بڑے عقوبت خانے میں تبدیل کر کے کشمیریوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کو جموں خطے کی ادھم پور جیل میں غیر قانونی حراست کے دوران شہید کیا گیا،کشمیری نوجوان محمد افضل گورو کو بھی اعترافی بیان کی بنیا د پر تختہ دار پر چڑھایا گیا جو دوران حراست ان سے تشدد کی بنیاد پر لیا گیا تھا،اسی طرح ہزاروں کشمیریوں کو دوران حراست تشدد کرکے شہید کیا گیا ۔

خط میں کہا گیا بھارتی فوجی محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں پر چھاپوں کے دوران جنس و عمر کا لحاظ کیے بغیر مکینوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور لوٹ مار کرتے ہیں جبکہ گھروں کو کیمیائی مواد کے ذریعے نذر آتش کردیتے ہیں۔خط میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ کشمیرمیں بھارتی قابض فوج کے نہتے عوام پر ظلم وتشدد کا نوٹس لیکر بھارت کے خلاف فوری اقدامات اٹھائیں