جمہوری قوتیں ملک کو مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے پرعزم ہیں،بلاول


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 69ویں یومِ ولادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کی کامیابی ہے کہ ملک میں آج حقیقی جمہوری قوتیں متحد ہیں۔جمہوری قوتیں متحد ہو کر ملک کو درپیش مشکلات سے باہر نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنی خدمات، جدوجہد اور عوام سے بے لوث محبت کے جذبے سے سرشار ہونے کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اصول ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے۔