بڑھتی ہوئی مہنگائی سے مزدوروں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے،چوہدری محمد یٰسین


اسلام آباد ( صباح نیوز )پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین ،صدر چوہدری نسیم اقبال ،چیئرمین ماماعبدالسلام بلوچ،پی ڈبلیو ایف ناردرن پنجاب کے صدر ٹکا خان ،وائس چیئرمین محمد اسلم عادل ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری راضم خان ،وقار میمن ،مختار اعوان ،عبدالرحمان آسی ،اعجاز بخاری ،چوہدری محمد اشرف سمیت دیگر مزدور رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ،پٹرولیم مصنوعات میں روزبروز اضافے سے مزدوروں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے ،روز مرہ ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمت خرید مزدور طبقے کی پہنچ سے باہر ہے جس کی وجہ سے مزدور فاقہ کشی کا شکار ہیں اور غربت سے تنگ آکر بچوں کو تعلیم و تربیت دینے سے بھی قاصر ہیں ،مہنگائی کے اس دورمیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کم ازکم اجرت پچیس ہزار مقرر کی ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے اور اس پر عمل درآمد حکومتی اداروں پر سوالیہ نشان ہے ،لیبر قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے ساتھ ساتھ غیر رسمی شعبے کے مزدور مراعات و سہولیات سے محروم ہیں.

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور عالمی ادارہ محنت کے کنونشزکے مطابق ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو روٹی ،کپڑا،مکان اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ باوقار روزگاربھی فراہم کرے ،مزدور رہنمائوں نے وزیر اعظم پاکستان ،وفاقی وزیر برائے خزانہ ودیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ روز بروز مہنگائی میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس حوالے سے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے مزدور طبقے کی زندگی آسان بنے اور ان کی ضروریات زندگی پوری ہو سکے ، ان حالات میں محنت کش طبقے کی زندگیوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور موجودہ مہنگائی کی ابتر صورتحال کے پیش نظر کم ازکم ماہانہ تنخواہ پچیس ہزار کی بجائے چالیس ہزارروپے مقررکی جائے کیونکہ اس وقت محنت کش طبقے کو جو معاوضہ دیا جا رہا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ،

تعمیراتی اور صنعتی مزدور جو کہ اس ملک کی ترقی میں اہم کرداراداکر رہے ہیں لیکن انتہائی افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ دوران سروس وفات پانے والے مزدور کو ڈیتھ گرانٹ ،اسکی بچی کی شادی کے لیے میرج گرانٹ ،ورکرویلفیئر فنڈ کی ادائیگی عرصہ پانچ چھ سال سے نہیں کی جارہی جبکہ یہ مزدوروں کا فنڈ ہے ،اس سال ورکرویلفیئر فنڈ کے افسران کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ چالیس سے زائد صنعتی مزدور حج کی سعادت سے محروم ہو گئے ہیں

جسکی تمام ذمہ داری ورکر ویلفیئر فنڈ کے حکام پر عائد ہوتی ہے ،ملک میں موجود غیر یقینی صورتحال اور روزبروز بڑھتی ہوئی مہنگائی ،پٹرول بجلی اور خوردنی اجناس اور ادویات کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والے اضافے نے مزدور طبقے پر برے اثرات مرتب کیے ہیں ،مزدوررہنمائوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت اور ذمہ داران نے فوری طور پر اس کا نوٹس نہ لیا تو پاکستان ورکرزفیڈریشن ملک بھر کے محنت کشوں کو متحد کر کے اپنے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاج کرے گی ۔