خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگی، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی۔اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود اور سیکرٹری امداد اللہ بوسال ملاقات کی ،

وزیر اعظم نے وفاقی وزیر مرتضیٰ محمود کی انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے کوششوں کی تعریف کی اورکہا کہ وزیرصنعت و پیداوار کا خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیا کا دورہ قابلِ ستائش ہے،خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی، بروقت درآمد سے خوردنی تیل کے متوقع بحران کے خطرے کا سد باب ہوا۔انڈونیشیا سے اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن 10 بحری جہاز پاکستان کو فراہم کیے جا رہے ہیں، بحری جہازوں کی پہلی کھیپ وزیرِ صنعت و پیداوار کی انڈونیشیامیں موجودگی کے دوران ہی پاکستان روانہ کر دی گئی تھی۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین نے ملاقات کی ۔وزیراعظم شہباز شریف سے سردار اسرار ترین نے ملاقات کی ،ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی ،ملاقات میں سردار اسرار ترین نے وزیرِ اعظم کو عوام دوست بجٹ دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔