سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خوشخبری،پاکستان کی بین الاقوامی کنونشن سے الحاق کی منظوری ہو گئی،سلمان صوبی


اسلام آباد(صباح نیوز)سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خوشخبری،پاکستان کی بین الاقوامی کنونشن سے الحاق کی منظوری ہو گئی ہے،اس  الحاق سے سمندر پار پاکستانیوں کے کاغذات کی تصدیق میں آسانی پیدا ہو جائے گی۔  وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے سد باب پر خصوصی توجہ کے ویژن اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کے نتیجے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سربراہ وزیراعظم اسٹریٹیجک ریفارمزسلمان صوفی نے سمندر پار پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے  بتایا ہے کہ پاکستان کے بین الاقوامی کنونشن سے الحاق کی منظوری پر سمندر پار پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس الحاق سے سمندر پار پاکستانیوں کے کاغذات کی تصدیق میں آسانی پیدا ہو جائے گی، اس سے پہلے سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے دستاویزات کی تصدیق کیلئے مختلف دفاتر کے چکر اور بھاری فیس ادا کرنی پڑتی تھی۔ سلمان صوفی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں دفتر خارجہ کے منتخب شدہ نوٹریز سے دستایزات کی تصدیق کے بعد 122 ممالک میں یہ تصدیق قابلِ قبول ہوگی۔