لیاقت بلوچ کی قیادت میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی وفد کی فلسطینی سفیر احمد امین سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی قیادت میں مرکزی وفد نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر احمد امین سے ملاقات کی۔ وفد میں سید ثاقب اکبر، علامہ عارف حسین واحدی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، پیر صفدر گیلانی، ڈاکٹر طارق سلیم، مفتی گلزار نعیمی، علامہ احمد اقبال، پیر عبدالشکور نقشبندی، سید جعفر نقوی، شاہد شمسی، طاہرتنولی پر مشتمل تھا۔ وفد نے فلسطین کے سفیر کو پاکستان کے عوام اور خصوصا تمام دینی جماعتوں کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل کے مظالم، انسانیت سوز جابرانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی مرد و خواتین، نوجوانوں اور نونہالوں کی استقامت اور لازوال قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

لیاقت بلوچ اور وفد کے ارکان نے کہا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، استعماری قوتوں نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازش کرتے ہوئے فلسطینیوں کو آزادی سے محروم کرتے ہوئے دنیابھر سے یہودیوں کو جمع کرکے ارضِ انبیا، ارضِ فلسطین پر ناجائز آباد کیا اور امریکہ کی سرپرستی میں اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں صیہونیوں کی سرپرستی کررہی ہیں اور فلسطینیون پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ تمام انسانی بنیادی حقوق پامال ہورہے ہیں۔ فلسطین اور کشمیر عالمِ اسلام کے طویل مدت سے حل طلب ایشوز ہیں۔ دنیا میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک فلسطینیوں اور کشمیریوں کو یہود و ہنود کے پنجہ استبداد سے آزاد نہیں کرایا جاتا۔

ملی یکجہتی کونسل کے وفد نے فلسطین کے سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام آج بھی قائداعظم اور علامہ اقبال کے اصولی، دائمی مقف پر قائم ہیں۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل سراسر ناجائز مسلط کردہ ریاست ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنا دنیابھر کی پسماندہ او مظلوم اقوام کو آزادی سے محروم کرنے کا خوفناک پیغام ہے۔ پاکستان کے عوام کسی بھی حکمران کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسلامی دنیا کے ممالک بھی اسرائیلی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے سے باز رہیں۔

فلسطینی سفیر نے وفد کو قرآن پاک، تسبیح اور قبلہ اول کی چابی کا ماڈل تحفتاً پیش کیا اور کہا کہ پاکستنا فلسطینیوں کا دوسرا گھر ہے۔ فلسطین ضرور آزاد ہوگا۔ مظلوم اقوام اپنی آزادی کا حق حاصل کریں گی۔ پاکستانی عوام ہمیشہ کی طرح فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔