تحریک انصاف نے منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے،اس لیے الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے۔

 سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل فیصل چوہدری نے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی، درخواست میں سپریم کورٹ سے  ا لیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی  قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو  قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز کو خارج کیا،  الیکشن کمیشن کا منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز خارج ہوئے، الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کیلئے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کو فریق بنایا گیا ہے۔