شیری رحمان کی بھارت میں مسلمان مظاہرین پر ریاستی بربریت کی مذمت


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت میں مسلمان مظاہرین پر ریاستی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے بیان میں کہا کہ نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے بھارتی مسلمانوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، مودی حکومت مظاہرے کرنے پر مسلمانوں کے گھر مسمار کر رہی ہے۔نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر ریاستی تشدد میں دو مظاہرین جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں مسلمان مظاہرین کو گرفتار کر کے مقدمے درج کئے گئے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والے ممالک سمیت عالمی برادری کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

شیری رحمان نے سوال اٹھایا کہ کیا تہذیب یافتہ، آزادیوں اور حقوق کے تحفظ کرنے کے دعویداروں کو نظر نہیں آ رہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے؟۔