ہمیں من گھڑت کیسز میں پھنسایا گیا، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں من گھڑت کیسز میں پھنسایا گیا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت جھوٹی ایف آئی آرز میں پیش ہوئی ہے۔ ہمارے وکلا نے درخواست کی ہے کہ ضمانت منظور کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ضمنی انتخابات کیلئے منصوبہ بندی ہے کہ تمام رہنما کیسز میں ہوں، پرامن احتجاج پر جھوٹے مقدمات کا اندراج  امپورٹڈ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پرامن مظاہرین کو جبر و تشدد کا نشانہ بنانے والے احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں من گھڑت کیسز میں پھنسایا گیا ، ہمیں عدلیہ سمیت اپنے اداروں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ ہمیں انصاف فراہم کریں گے۔