وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کو ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کا نسخہ قرار دیدیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کو ملک کو درپیش معاشی بحرانوں سے نکالنے کا نسخہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ملک کو گزشتہ چار سال کے شدید بحرانوں سے نجات دلانا کسی معاشی معجزے سے کم نہیں ہوگا،انتہائی برے معاشی حالات میں اتنا بہترین بجٹ اتحادی حکومت کے اخلاص اور قابلیت کا مظہر ہے،مفاد کا نہیں سوچا، پاکستا ن اور عوام کے مفاد کو دیکھا ہے،مشکل فیصلے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کئے ۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ 2022-23 کو پاکستان کی معاشی بہتری اور استحکام کی طرف ٹھوس قدم قرار دے دیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتہائی برے معاشی حالات میں اتنا بہترین بجٹ اتحادی حکومت کے اخلاص اور قابلیت کا مظہر ہے ،اتحادی جماعتوں کے قائدین، کابینہ ارکان کی قیمتی تجاویز اور آراء کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں، ملک کی کاروباری برادری کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے قیمتی تجاویز سے راہنمائی فرمائی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  وفاقی بجٹ ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالنے کا نسخہ ہے، مشکل فیصلے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کئے ہیں،بجٹ میں صاحب استطاعت سے قربانی مانگی گئی ہے اور کمزور طبقات کو آسانی دی گئی ہے، صاحب ثروت کو مشکل حالات میں غریبوں کی مشکلات کا بوجھ اٹھانے میں بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ زراعت، صنعت، تجارت، آئی ٹی، فلم وثقافت سمیت ہر شعبے کی بہتری کے اقدامات پر توجہ دی گئی ہے ،پہلی بار زراعت کو ٹیکس استثنیٰ ملا ہے جس سے زراعت اور کسان کو ایک نئی معاشی زندگی ملے گی،زرعی مشینری، آلات، بیجوں سے لے کر اس شعبے سے منسلک اشیاء اور آلات کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے سے ملک میں گرین انقلاب برپا ہوگا ، ان تاریخی اقدامات سے نہ صرف اجناس اور ہماری فصلوں کی پیداوار بڑھے گی بلکہ ملک میں خوراک کی قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلمی صنعت کی بحالی کے لئے اتنا بڑا ریلیف کسی حکومت نے نہیں دیا ، مالیاتی نظم و ضبط، ٹیکس نظام کی اصلاح، جرات مندانہ اہداف اور تنخواہ دار کا آئینہ دار بجٹ ہے، انکم ٹیکس سے چھوٹ کے ذریعے تنخواہ دار اور کم وسائل والوں کی آمدن بڑھے گی ،سستا پٹرول اور سستا ڈیزل سکیم پورا سال جاری رہے گی ،توانائی، تعلیم، صحت، روزگار، کاروبار پر توجہ دی ہے، طالب علموں، نوجوانوں اور خواتین کے لئے مراعات دی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے طالب علموں اور نوجوانوں کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں ،چین پاکستان دوستی کے عظیم منصوبے سی پیک پر کام کی رفتار تیز کریں گے،سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز پاکستان میں روگاز، کاروبار میں اضافے اور غربت کے خاتمے کے مراکز بنیں گے،  ایک سال میں ملک کو گزشتہ چار سال کے شدید بحرانوں سے نجات دلانا کسی معاشی معجزے سے کم نہیں ہوگا ، سیاسی مفاد کا نہیں سوچا، پاکستان اور بائیس کروڑ عوام کے مفاد کو دیکھا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ تیاری میں شریک تمام ٹیم خاص طور پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کے تمام ساتھیوں کو شاباش  دی۔