چیئرمین سینٹ ،سپیکرقومی اسمبلی کا پیٹرول پر آ نیوالے اخراجات کی مد میں 40فیصد کٹوتی کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چیئرمین سینیٹ میر محمد صاد ق سنجرانی نے پیٹرول پر آنے والے اخراجات کی مد میں 40فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق، سپیکرقو می اسمبلی، ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور افسران پر ہو گا۔

چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں بجٹ اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے جاری اجلاسوں اور قانون سازی پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے فیصلہ کیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے پیٹرول می مد میں اٹھنے والے اخراجات کی مد میں 40فیصد کمی کی جائے گی۔ کٹوتی کا اطلاق سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں پر بھی ہو گا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔سیاسی قیادت کا ملکر بحران سے نکلنے کے لئے لائحہ عمل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے ہیں، انکی تکلیف محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں کفایت شعاری کو اپنانا ناگزیر ہے۔