ڈاکٹر عائشہ عیسانی مجید کی وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) سینئر کنسلٹنٹ و ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر عائشہ عیسانی مجید نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں انکے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے اسکریننگ سینٹر کی صلاحیت و استعداد اور ان مسائل کے بارے میں منسٹر کو آگاہ کیا جو انہیں اپنے شعبے میں  خواتین کو با اختیار بنانے اور صنفی امتیاز کے حوالے سے درپیش ہیں۔

ڈاکٹر عائشہ اس وقت پمز اسلام آباد میں فیڈرل بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹر میں  شعبہ ریڈیالوجی کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے اسلام آباد کے کینسر ہسپتال کے منصوبے کی بھی انچارج ہیں۔ انہوں نے وزیر سے درخواست کی کہ وزارت انسانی حقوق، وزارت صحت کے اشتراک سے خواتین کو مزید بااختیار بنانے ؛ ایک جامع ماحول اور صحت کے شعبے میں ہر قسم کے صنفی تفاوت کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کرے ۔

انہوں نے اس بات پر اظہار تشکر کیا کہ موجودہ حکومت نے اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے منصوبے کو بحال کیا ہے جو گزشتہ چند سالوں سے رکا ہوا تھا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی کاوشوں اور سرپرستی کا خاص طور پر اعتراف کیا۔ پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لئے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ان ایشوز کو وزیر صحت تک پہنچائیں گے اور وزارت انسانی حقوق خواتین کے حقوق، صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔