ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے،راجہ پرویز اشرف


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے ،خواتین اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے انتخابی اصلاحات سمیت دیگر قانون سازی کے عمل میں مرتب کردہ تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا ، پارلیمانی وویمن کاکس پورے پاکستان میں خواتین کی ترجمانی کر رہی ہے  وویمن کاکس بغیر  کسی سیاسی وابستگی کے ملک بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات تجویز کر رہی ہے  ملکی ترقی کا خواب خواتین کی شمولیت کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاس میں وویمن پارلیمانی کاکس کے جنرل اسمبلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کو متفقہ طور پر وویمن کاکس کی نئی سیکرٹری منتخب کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی  خواتین انتہائی جفاکش اور بہادر ہیں جن کا تمام شعبے ہائے زندگی میں نمایاں کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اراکین پارلیمنٹ کا خواتین کے حقوق  کے لیے قانون سازی کے عمل میں شمولیت قابل فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک خواتین کے ترقی کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے دختر جمہوریت محترمہ بینظر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا اس وقت پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی کا عمل جاری ہے جس میں خواتین کا نمایاں کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کو سیکرٹری پارلیمانی وویمن کاکس منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا شاہدہ رحمانی کی سربراہی میں وویمن کاکس اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ بطور اسپیکر پارلیمانی وویمن کاکس کے لیے ان کا ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔نو منتخب سیکرٹری وویمن کاکس شاہدہ رحمانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ان کی کاکس اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور وویمن کاکس کے اہداف و اغراض و مقاصد سے انہیں آگاہ کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خواتین اراکین پارلیمنٹ چاہے وہ اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں سب کے ساتھ مل کر وویمن کاکس کے اہداف کو حاصل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے وویمن کاکس اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور جمہوریت کی مضبوطی کی جنگ لڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شخصیت خواتین کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔اجلاس میں خواتین اراکین قومی اسمبلی اور سینٹ نے شرکت کی۔