حکومت پاکستان بھارت میں توہین رسالت کے واقعے پر او آئی سی کا اجلاس بلائے، ثمینہ احسان، نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے انڈین فاشسٹ پارٹی بی جے پی کی سنٹرل لیڈر شپ کی طرف سے ناموس رسالت کی بے حرمتی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ  حرمت رسول مسلمانوں کے لیے بے حد حساس معاملہ ہے۔جو بھی ناموس رسالت کی توہین کرتا ہے وہ دنیا میں موجود دو ارب مسلمانوں پر حملہ کر کے دنیا کو بد امنی کی طرف دھکیل رہا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کئی مسلم ممالک ایٹمی طاقت ہیں اور پیٹرول کے وسائل سے مالا مال ہوتے ہوئے دنیا کہ سامنے اتنے کمزور کیوں ہیں کہ کافر طاقتین ان کو ناموس رسالت کے ذریعے للکار رہی ہیں۔بی جے پی کے لیڈران کی اس حرکت پر اقوام متحدہ کو متحرک ہوکر انڈین حکومت کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور تمام بااثر ممالک سے اپیل کی جائے کہ اس معاملہ کو سنجیدگی سے دیکھیں،دوسری صورت میں ناموس رسالت مسلمانوں کے لیے ایسا معاملہ ہے کہ اس پر مسلمان کٹ مرنے کو تیار ہیں۔ اگر ناموس رسالت کی توہین سے غیر مسلم طاقتوں کو نہ روکا گیا تو انڈیا ہو یا امریکہ مسلمانوں کو کسی قانون میں پابند کرنا ناممکن ہو جائے گا اور دنیا جنگ کا میدان بن جائے گی۔