الیکشن کمیشن کا حکومت سے 31 دسمبر سے قبل نئی مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد(صباح نیو) الیکشن کمیشن نے حکومت سے 31 دسمبر سے قبل نئی مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد نتائج جاری ہوئے تو حلقہ بندیاں 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر ہونگی،پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پرانی انتخابی فہرستیں استعمال کی جائیں گی، ووٹرز فہرستوں کے حوالے سے شکوک پیدا کرنا افسوس ناک ہے۔

 پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کا کہنا ہے کہ نافذ العمل ووٹر لسٹ کے مطابق ملک میں 12 کروڑ 11 لاکھ ووٹر موجود تھے،گھر گھر تصدیق کے دوران 9 کروڑ 84 لاکھ ووٹرز کی تصدیق ہوئی، تصدیق کے دوران 40 لاکھ افراد کی فوتگی کی تصدیق ہوئی  جبکہ1 کروڑ 59 لاکھ ووٹرز کی تصدیق نہ ہوسکی،  الیکشن کمیشن نے ووٹ کی تصدیق ایس ایم ایس کے ذریعے مفت کردی ،1 کروڑ 34 لاکھ افراد نے مفت سروس کے ذریعے اپنے ووٹ کی معلومات لیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے حکومت  سے اکتیس دسمبر سے قبل نئی مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا  31 دسمبر کے بعد نتائج جاری ہوئے تو حلقہ بندیاں 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر ہونگی،سپریم کورٹ کا حکم تھا ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کرائیں، کے پی کے میں پر امن انداز میں الیکشن ہوا ،بلوچستان میں بھی بلدیاتی الیکشن کرا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 219 کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری کی جاتی ہے، صوبائی ، ریجنل اور ضلعی الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کا کام کرتے ہیں،صوبائی اسمبلی پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کچھ سیاسی حلقے انتخابی فہرستوں کے حوالے سے شوک پیدا کرر ہے ہیں،شوک پیدا کرنا افسوس ناک امر ہے،پنجاب کے بیس انتخابی حلقوں میں پرانی انتخابی فہرستین استعمال کی جائیں گی،ان حلقوں کی حلقہ بندی بھی  پرانی ہے،ضمنی انتخابات والے حلقوں میںنئی فہرستوں کے استعمال کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، نئی انتخابی فہرستیں بارہ اگست 2022 کو  فائنل ہونی ہیں،اس حوالے سے غیر ضروری بیانات سے گریز کیا جائے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار ادارہ ہے ، آزادانہ اور شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ۔اس موقع پر  ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہا کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ کراچی سنٹرل کے علاقہ میں زندہ ووٹر کو مردہ ظاہر کرنے کی غلطی ہوئی تھی،اسے  درست کر لیا ہے،جہاں جہاں غلطیاں ہوئیں ہیں ان کو درست کر رہے ہیں،زندہ ووٹر کو مردہ ظاہر کرنے کی غلطی ڈیٹا انٹری آپریٹر سے ہوئی ہے۔