مارگلہ کہوٹہ اور مالاکنڈ کے جنگلات میں لگی آگ تاحال نہ بجھائی جاسکی


اسلام آباد(صباح نیوز) مالاکنڈ ڈویژن کے 10میں سے 7علاقوں کے جنگلات میں لگی آگ بجھادی گئی جبکہ تین مقامات پر شعلے اب بھی قابوسے باہر ہیں،سوات کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر ابھی تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق تحصیل کبل کے علاقے دیولئی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ بری کوٹ کے علاقے کڑاکڑ میں بھی آگ پر قابو نہ پایاجاسکا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق خوازہ خیلہ کے علاقے چمتلئی میں بھی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ کہوٹہ کے جنگل میں جمعے کو لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا جس سے 7کلومیٹر رقبہ متاثر  ہوا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر بھی شدید گرمی کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی ہے جہاں محکمہ ماحولیات کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ بجھانے کے لیے دو فوجی ہیلی کاپٹر فراہم  کیے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوج مارگلہ ہلز پر آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کررہی ہے۔