لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ ، اسد عمر سمیت چارپی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت منظور


اسلام آباد (صباح نیوز ) احتجاجی لانگ مارچ  کے دوران توڑ پھوڑکرنے پردرج کئے گئے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چار رہنماؤں نے اسلام آباد کی مقامی عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے پی ٹی آئی کے  مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر ، صداقت عباسی ، راجہ خرم اورعلی نوازاعوان کی 20 جون تک عبوری ضمانتیں منظورکرلی ہیں ، چاروں رہنما ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن  جج  کامران بشارت مفتی  کی عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 5  پانچ پانچ ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی ۔

یاد رہے اسد عمر اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں ایف آئی آر درج کی گئیں تھیں ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی ہے۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھاکہ وکلا برادری ہمیشہ برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے،قوم وکلا اور ہم تیار ہیں جلد ہی آپ سب کو آزادی ملے گی ،

اسدعمر نے کہاکہ ہماری پارٹی دو ماہ سے جتنی متحرک ہے پہلے کبھی نہیں تھی ،ہم پر لانگ مارچ کے دوران جو بربریت ہوئی اس کے باوجود کھڑے رہے،مسلم لیگ ن میں ایک دھڑا جان چکا ہے کہ ان کی سیاست کو خطرہ لاحق ہے، مسلم لیگ ن والے اب الیکشن روکنے کے لیے درخواستیں لے کر جارہے ہیں۔