پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے منسلک ہے،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے منسلک ہے۔ ہماری اتحادی حکومت بلوچستان کی صوبائی حکومت اور مقامی عمائدین کے بھرپور تعاون سے مستقبل کے لائحہ عمل کے تعین کیلئے پر عزم ہے۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کے حالیہ دورے کے دوران مجھے احساس ہوا کہ کیسے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)حکومت نے گوادر کے لوگوں کا نقصان کیا۔ اربوں روپے اور قیمتی وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ گزشتہ حکومت گوادر کے مقامی لوگوں جنہوں نے بندرگاہ کی تعمیر کیلئے قربانیاں دیں، بجلی/پانی کے لیے ایک بھی منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گورادر ائیر پورٹ اور گوادر بندرگاہ کی بھی یہی صورتحال ہے۔ بندرگاہ پر ڈریجنگ نہ کرنے کی وجہ سے کوئی بڑا مال بردار بحری جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا۔ میں نے گوادر یونیورسٹی، ایئر پورٹ اور پانی کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی فوری تعمیر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔