حنیف عباسی کے عہدے کیخلاف درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی گئی


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کو وزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مسلم لیگ( ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔

درخواست کی جمعہ کو سماعت کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی کا استعفی عدالت میں پیش کیا گیا۔وکیل حنیف عباسی نے عدالت کو بتایا کہ حنیف عباسی کے مستعفی ہونے پر درخواست غیر موثر ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے حنیف عباسی کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا یافتہ ہیں، حنیف عباسی کی سزا معطل ہوئی ہے، ختم نہیں ہوئی۔

اس درخواست کے تناظر میں عدالت نے وزیراعظم کو حنیف عباسی کی تعیناتی پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔