ہم کوئی قانون بلڈوز نہیں کرنا چاہتے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہم کوئی قانون بلڈوز نہیں کرنا چاہتے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے شہباز شریف کو جواب میں کہا آپکو بار بار کہا ای وی ایم کا مشاہدہ کر لو۔ عجلت میں یہ سیشن ہرگز مسلط نہیں کیا گیا۔ عددی اکثریت نہ ہوتی تو یہ بل کیسے پیش کرتے۔

شاہ محمود قریشی بولے قانون سازی کے ذریعے ایک شفاف نظام متعارف کروا رہے ہیں۔ ای وی ایم ووٹ چوری کے ناپاک عزائم کو بلڈوز کرنے کے لیے لائی جارہی ہے۔ ملکی ترقی میں حصہ دار اوورسیز پاکستانیز کو رائٹ ٹو ووٹ دیا جائے گا۔ اپوزیشن سیشن ملتوی کرنے کی بجائے قانون کی منظوری میں ساتھ دے،

شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ حکومت قانون سازی کے ذریعے انتخابات کا قابل اعتماد اور شفاف نظام متعارف کرانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی انتخابی اصلاحات کا مقصد انتخابی عمل کو چوری ہونے سے بچانا ہے، انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھی کہا کہ وہ متعلقہ بلوں کے حق میں رائے دیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ درست سمت کا تعین کیا جائے اور انتخابی عمل میں شفافیت اور اس کی ساکھ یقینی بنائی جائے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے اپنی طرف سے متعدد بار انتخابی اصلاحات کے بارے میں حزب اختلاف کی جماعتوں سے رابطہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتیں مکمل طور پر متحد ہیں اور ان کے پاس انتخابی اصلاحات بل منظور کرانے کیلئے اکثریت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔اس سے پہلے بحث میں حصہ لیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی بھر پور مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات کو الیکشن کمیشن نے بھی مسترد کیا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حزب اختلاف کے ساتھ مشاورتی عمل دوبارہ شروع کیا جائے۔