نیپرا کی بجلی کی قیمت میں 7.91 روپے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری


اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف پر7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ نیپرا نے اس منظوری کے بعد فیصلہ حکومت کو ارسال کردیا جس کے بعد حکومت کی جانب سے قیمت بڑھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا کا اوسط ٹیرف 16.91 روپے سے بڑھا کر 24.82 روپے فی یونٹ تعین کیا گیا ہے۔ ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی، کپیسٹی لاگت اور عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔نیپرا کے مطابق توانائی کی خریداری کی قیمت 1152 ارب روپے متوقع ہے، کپیسٹی لاگت بشمول این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی 1366 ارب روپے تخمینہ ہے، ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ تقریبا 2805 ارب روپے متوقع ہے۔

نیپرا کے مطابق میپکو، پیسکو، گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو اور ٹیسکو کو 5 سالہ مدت میں ڈسٹری بیوشن سسٹم میں انویسٹمنٹ پروگرام کے لیے تقریبا 406 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے، ڈسکوز کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کو بھی 13.46 فیصد سے کم کرکے 11.70 فیصد کر دیا گیا ہے۔نیپرا کے مطابق تعین کیا گیا ٹیرف وفاقی حکومت کو نوٹی فکیشن کے لیے بھیج دیا گیا ہے، میپکو، پیسکو گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو اور ٹیسکو نے مالی سال 2020-21 سے لے کر 2024-25 تک کے ملٹی ائیرٹیرف کے لیے درخواستیں دی تھیں۔

اعلامیے میں نیپرا نے کہا ہے کہ آئیسکو، لیسکو اور فیسکو نے منظور شدہ ملٹی ائیر ٹیرف کے مطابق سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دی تھی۔ اتھارٹی نے فیصلوں میں مالی سال 2022-23 کے ٹیرف مقرر کیا ہے،خیال رہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے جس میں عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے فوری طور پر قسط جاری نہ کرنے اور پٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی کے نرخوں میں اضافے کا کہا گیا تھا جس کے بعد فوری طور پر  حکومت نے 26 مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کا بڑا اضافہ کیا تھا۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر کا بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ پٹرول ، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 179 روپے 86 پیسے، 174 روپے 15 پیسے، 155 روپے 56، 148 روپے 31 پیسے ہو گئی ۔