وزیر بجلی اور وزیر پیٹرولیم لوڈشیڈنگ پر فوری مستعفی ہوں،حماداظہر


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے معاشی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیر بجلی اور وزیر پیٹرولیم لوڈشیڈنگ پر فوری مستعفی ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ وزیر بجلی اور وزیر پیٹرولیم بدترین لوڈشیڈنگ پر فوری استعفیٰ دیں ، وہ پاور پلانٹ جو تحریک انصاف کے دور میں کبھی بند نہیں ہوئے وہ اب یا تو بند پڑے ہیں یا 25 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلائے جا رہے ہیں۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ اس میں سی پیک کے پلانٹ بھی شامل ہیں، بدانتظامی کی انتہا ہو چکی اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔