اسلام آباد (صباح نیوز)تحریک انصاف نے نیب ترامیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف کے نائب صدر اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نیچا دکھانے کیلئے یہ لوگ اکٹھے ہوجاتے ہیں، انہوں نے نیب قوانین میں ترامیم کر کے خود کو این آر او دیا، سپریم کورٹ ذاتی مفاد کیلئے کی گئی قانون سازی کانوٹس لے، تحریک انصاف نیب ترامیم کو بھی عدالت میں چیلنج کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ نیب قوانین میں جو ترامیم کی گئی ہیں یہ وہی ہیں جو یہ ہم سے این ار او ٹو لینا چاہتے تھے، نیب کی آزاد ادارے کی حیثیت کو کمپرومائز کیا گیا ، نیب کو اینٹی کرپشن پنجاب اور ایف آئی اے جیسا بنانے کی کوشش کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی اسمبلی میں کچھ بل منظور کروائے ہیں اور مخصوص ٹولے نے اپنے مفادات کے لیے یہ ترامیم کرائی ہیں۔ ان کا کوئی نظریہ ہے نہ منزل ہے۔انہوں نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ عمران خان کسی ٹائیکون سے کہیں کہ ہمارا پیچ اپ کرا دیں۔