ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانیوالے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ 28مئی 1998کو آج ہی کے دن سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بہادرانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور دبائو اور ترغیبات کو مسترد کر کے پاکستان کو دنیا میں ایٹمی قوت بنایا۔ اب ہم پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد بھی دی ہے ۔  دوسری جانب

  دل پر پتھررکھ کر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دل پر پتھررکھ کر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ۔لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی صدر سے نواز شریف نے بڑے اچھے انداز میں بات کی تھی،

انہوں نے کہا تھا آپ کے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کا بہت شکریہ۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا ان شا اللہ ہم زندہ رہیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا تھا مجھے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی میں پسے ہوئے ہیں اور غریب خاندان رو رہے ہیں، ان کے پاس دوائی اور علاج کرانے کے پیسے نہیں ہیں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور  بیروزگاری ہے جب کہ پیٹرول سے متعلق ہم نے دل پر پتھر رکھ کرفیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ غریب ایک وقت کی روٹی کو ترستے ہیں، دوائی اور علاج کرانے کے پیسے نہیں، ہم نے ماہانہ 28 ارب روپے قومی خزانے سے خرچ کرکے پاکستان کے پسے ہوئے کروڑوں لوگوں کے لیے سبسڈی اور ریلیف دیایہ  ان کا حق ہے ۔