اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے بھارتی عدالت کی طرف سے یاسین ملک کو عمر قید سزا سنانے کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا ہر بیٹا یاسین ملک ہے،بھارت کس کس کو قید کرے گا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے اس ظالمانہ اور غیر منصفانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے خلاف انصاف کے عالمی ٹھیکے دار وں سے اپیل کرے کہ وہ بھارت کے ان بہیمانہ مظالم کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر میں بھارت اپنے مظالم سے باز نہیں آئے گا،دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔کشمیر ہو یا فلسطین،شام ہو یا برما مسلمانوں پر جہاں بھی ظلم ہو عالمی برادری اس پر خاموش ہے اور میڈیا جو ہر چھوٹی بڑی خبر کو بریکنگ نیوز بنا کر پیش کرتاہے وہ کشمیر میں جاری ظلم کو دنیا کے سامنے لانے سے کیوں ڈرتا ہے۔جب تک انصاف کا معیار یہی رہے گا،ٹیکنالوجی اور جدید اسلحے سے دنیا میں امن و سکون قائم نہیں ہوسکتا