دبئی/لاہور(صباح نیوز) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2024 سے2031تک ہونے والے 8میگا ایونٹس کی میزبانی کرنے والے ممالک کا اعلان کردیا۔2025میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گا،
اس طرح پاکستان کو 29 سال بعد آئی سی سی کے میگا ایونٹ کی میزبانی مل گئی، پاکستان 1996کے بعد آئی سی سی کے کسی میگا ایونٹ کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی جانب سے 2025کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملنے پر مبارکباد کی پوسٹ شیئر کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا۔
یہ عظیم خبر یقینا لاکھوں پاکستانی شائقین، غیر ملکیوں اور عالمی شائقین کو عظیم ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش کرے گی اور دنیا کو ہماری مہمان نوازی کا نمونہ پیش کرنے کا موقع ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستان کے تین شہروں میں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں البتہ راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیے جانے کا امکان ہے۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق 2024ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کو تفویض کی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق 2026 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے سپرد کی گئی ہے۔ 2027 میں ہونے والے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقا ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ 2028کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے، بھارت 2029 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ترافی کی میزبانی کرے گا۔ 2030 میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی میزبانی میں ہوگا۔ 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلا دیش کے نام ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 1996 کا ورلڈ کپ پاکستان ، بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہوا تھا، ایونٹ کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا تھا۔