اسلام آباد(صباح نیوز)امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف غیر قانونی عدالتی کارروائی کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن ہیومن رائٹس واچ نیویارک اور ہیومن رائٹس واچ پاکستان کو خط لکھا ہے۔
اسلام آباد میں ایک پریس ریلیز کے مطابق قمر زمان کائرہ نے اپنے خط میں تحریر کیا ہے کہ حریت رہنمایاسین ملک کے خلاف 19 مئی کو من گھڑت الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی جو انسانی اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کا مسلسل سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کی اور عالمی براردی اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو یاسین ملک کے خلاف غیر منصفانہ اور یکطرفہ عدالتی کارروائی سے روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔