تحریک کشمیر برطانیہ کا برمنگھم میں بھارت مخالف مظاہرہ


لندن:تحریک کشمیر برطانیہ نے برمنگھم میں بھارت مخالف مظاہرہ کیا ہے ۔  مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری تارکین وطن نے شرکت کی  ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنماوں نے کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کے خلاف بھارتی عدالت کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف آزادی کی جدوجہد درست، جائز اور حقیقی ہے جسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت حاصل ہے۔

فہیم کیانی جو تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر ہیں نے کہاکہ محمد یاسین ملک کے خلاف عدالتی فیصلہ ہمارے اس موقف کی توثیق ہے کہ بھارتی عدلیہ نریندر مودی کے تابع فرمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک پر جھوٹے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی اور انہیں مجرم ٹھہرایا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر نہ تو بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی اس کا حصہ ہے۔

فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی کشمیری مزاحمتی قیادت کے خلاف ایسے حربے استعمال کرتا رہا ہے لیکن پھر بھی آزادی کی آواز کو دبانہیں سکا۔

تحریک کشمیر برمنگھم کے صدر قمر عباس نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری حریت پسند قیادت کو حق پر مبنی مقصد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتا ۔