یاسین ملک پر دہشت گردی کے الزامات لگانا شرمناک ہے، مشعال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر چیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک پر دہشت گردی کے الزامات لگانا شرمناک ہے۔یاسین ملک کا الزامات کے دفاع سے انکار انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مودی کے کرتوت دنیا کے سامنے عیاں ہیں پھر بھی عالمی ضمیر خاموش ہے، دنیا کا رویہ افسوسناک ہے، تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، ہر گزرنے والا دن بھارتی تسلط سے آزادی کے جذبے کو گرما رہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا ہے کہ پوری قوم یاسین ملک کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے، پاکستانی وزیر خارجہ یوکرین پر روسی تسلط کی بات کرتے وقت کشمیرکو نہ بھولیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری  سے اپیل  کی ہے کہ وہ دنیا کے سامنے یاسین ملک کا کیس ضرور لڑیں، بھارتی دہشت گردی دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، اگر کشمیر کی آزادی کے لیے آواز اٹھانا جرم ہے، یاسین ملک اور ہم یہ جرم کرتے رہیں گے۔