سڈنی(صباح نیوز) سابق آسٹریلوی کرکٹراینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کی کار کو حادثہ ٹاونزول کے قریب پیش آیا۔آسٹریلین پولیس نے کہا کہ حادثہ رات 11بجے کے بعد ٹاونزول کے قریب پیش آیا۔
آسٹریلوی پولیس کے مطابق گاڑی میں 46 سالہ شخص سوار تھا جو زخموں کی تاب نہ لاسکا، ایک شخص نے متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش کی تھی۔
آسٹریلین میڈیا کے مطابق اینڈریو سائمنڈز کی فیملی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔46 سالہ سائمنڈز نے 198 ون ڈے، 26 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
اینڈریو سائمنڈز دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن سکواڈ کا حصہ بھی رہے۔سائمنڈ کی اچانک موت پر کھلاڑی،کرکٹ مداح اور کرکٹ سے وابستہ لوگوں نے اظہار افسوس کیا ۔انڈریو سائمنڈز شین وارن کے بعد اس سال انتقال کرجانے والے دوسرے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں
واضح رہے کہ رواں سال 4 مارچ کو آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن بھی حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔