دینی مدارس میں پڑھنے والے طلبہ اور فاضلین ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں، امیرالعظیم


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے جمعیت طلبہ عربیہ لاہور کے زیراہتمام منصورہ میں فاضلین مدارس دینیہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما کرام منبر و محراب سے ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ، سودکے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد اور عوام کی اخلاقی، دینی اقدار کی ترویج کے لیے کردار ادا کریں۔

انھوں نے کہا کہ مدارس دینیہ پاکستان کی اسلامی نظریاتی اساس کے قلعے ہیں۔ دینی مدارس میں پڑھنے والے طلبہ اور فاضلین ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ حکومت دینی مدارس کی گرانٹس میں اضافہ کرے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے پر اب حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں بنکنگ و لین دین کے نظام کے لیے روڈ میپ دے۔ اسلامی نظام معیشت کے نفاذ سے ملک میں خیروبرکت آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ حکومت زکوٰة و عُشر اور صدقات کے نظام کو فعال کرے۔ پاکستان کے عوام بہت ہی مخیر ہیں اور وہ اسلامی نظام معیشت کو اپناناآئیڈیل سمجھتے ہیں۔