لاہور،خواتین پارک میں داخلے سے روکنے پرنوجوانوں کے تشدد سے چوکیدار جاں بحق


لاہور (صباح نیوز)لاہورمیںفیروز پور روڈ پر واقع خواتین پارک میں داخلے سے روکنے پر نوجوانوں نے مل کر چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر واقع خواتین پارک میں داخلے سے روکنے پر تشدد سے گارڈ جاں بحق ہوگیا، جبکہ پولیس نے تشدد کرنے والے چاروں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق فیروز پور روڈ پر واقع گرین ایونیو سوسائٹی کی پارک میں تعینات گارڈ جاں بحق ہوا، سوسائٹی کے رہائشی تین بھائیوں اور ایک دوست نے 55 سالہ گارڈ حسنین اکرم کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی، ہاتھا پائی کے دوران گارڈ زمین پر گرنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ چاروں ملزمان کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا، حراست میں لئے گئے افراد میں عرفان، ریحان اور فرحان تین سگے بھائی ہیں، جبکہ ان کا ایک ساتھی بھی ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تصدیق کے بعد نعش کو مردہ خانہ جمع کروادیا ، موت کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں، پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے تو مزید کارروائی کی جائے گی، ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔