حکومت پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہوچکی ہے، شفقت محمود


اٹک (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہوچکی ہے۔ شفقت محمود نے اٹک جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور ضلع کونسل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا وزیراعظم مسلط کیاگیا جس کے نوکروں کے اکائونٹس سے 16ارب روپے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹس سے صرف چار ارب روپے نکلے ہیں، موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہوچکی ہے، عوام کی پی ٹی آئی کو سپورٹ دیکھ کر حکومت الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو ملک پر مسلط کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے، صدرکے احکامات کورد کرتے ہوئے گورنرکو فورس کے زورپرہٹانے اورہارس ٹریڈنگ کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پرالیکشن کرائے اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، پی ٹی آئی ضلع کی تمام سیٹوں سے کلین سویپ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اٹک میں 12 مئی کوپی ٹی آئی کا ہونے والاجلسہ تاریخی ہوگا۔