وزیراعلیٰ پنجاب کاشادیوں پر ون ڈش پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز کی زیر صدار ت منعقد ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا فیصلہ کر لیاگیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب  نے شادیوں پر ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے۔

(ن)لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس اقدام سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہماری حکومت عام آدمی کی حکومت ہے ،ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔انتظامیہ ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے۔ ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لوں گا۔