اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ لگانے کے وسیع مواقع ہیں اورٹیکنالوجی کی غیرملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور توسیع کے سلسلے میں ہراعتبار سے سہولت فراہم کی جائے گی ۔
انہوں نے یہ بات ہوا وے کمپنی کے مشرق وسطی اور افریقہ کے صدر ژی چیانگ سے اسلام آباد میں ملاقات میں کہی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان آئندہ سال اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کو ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھا کر پندرہ ارب ڈالر تک لے جاناچاہتا ہے اوراس مقصد کیلئے ہواوے کے تعاون سے یونیورسٹی کے قیام سمیت مختلف طریقوں سے نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع اور پاکستانی نوجوانوں خصوصا خواتین کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔شہبازشریف نے کہاکہ حکومت خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرکے انھیں تربیت فراہم کرنے اور سرمائے میں اضافے کے ذریعے ای کامرس کے شعبے میں ان کی تعداد میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے ۔
انہوں نے ایک ہفتے میں تعاون کی حکمت عملی بنانے کے عمل کو تیز کرنے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔