سرگودھا(صباح نیوز)ملک بھر میں کاغذ کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے کاغذ کے بحران کی وجہ سے اخباری صنعت بھی بحران کی لپیٹ میں آگئی ہے کئی اخبارات بند ہونا شروع ہوگئے جبکہ قومی اخبارات نے بھی صفحات کم کرنا شروع کردیئے ہیں اور قیمتوں میں اضافہ شروع کردیا جس کے باعث شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہیں.
دوسری طرف درسی کتب اور کاپیاں بھی مہنگی ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا، 22گرام کاغذ کا رم جوکہ 2800روپے میں فروخت ہوتا تھا اب 3000روپے تک جا پہنچا جبکہ 52گرام کا کاغذ کا رم 4000روپے کی حد کو عبور کرگیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فوٹو سٹیٹ مالکان نے بھی فوٹو سٹیٹ کاپی کی قیمت بڑھا کر 7روپے کردی جبکہ کئی مقامات پر فوٹو کاپی دس روپے میں کی جارہی ہے۔