سندھ ہاؤس حملہ کیس،گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل


اسلام آباد(صباح نیوز)سندھ ہاؤس پر حملہ کیس میں عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کے وکلا نے درخواست ضمانت دائر کردی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں سندھ ہاؤس پر حملہ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ محمد انعام اللہ کی عدالت میں کی گئی۔ سکیورٹی خدشات پر گرفتار پی ٹی آئی کے 2 اراکین قومی اسمبلی عطا اللہ، فہیم خان اور رہنما تنویر خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،

عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کے وکلا نے عدالت میں درخواست ضمانت بھی دائر کر دی جبکہ عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

ملزمان کی حاضری کے لیے نیب کورٹ کو تھانہ مارگلہ بھیج دیا گیا، سیکرٹریٹ پولیس نے تینوں ملزمان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا تھا۔