جماعت اسلامی کی باعمل اور اہل قیادت ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست میں بدل سکتی ہے،راشد نسیم


کراچی(صباح  نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں واقعات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ افغانستان میں 15اگست کو تاریخ کا دھارا بدلنے والا واقع رونما ہوا جس میں ایک پسماندہ قوم نے سپر طاقت کو شکست دی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں مسجد طٰہٰ میں شب بیداری کے دوران درس قرآن اور گلشن مہران میں تقریب افطار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ  گزشتہ برس سے ہی فلسطین کی جدوجہد آزادی تیز ہوتی نظر آ رہی ہے۔ فلسطینی مسلمان جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں، مگر ان کے عزم جواں ہیں اور وہ اسرائیلی ظلم و استبداد کے سامنے چٹان کی مانند کھڑے ہیں۔

راشد نسیم نے کہاکہ کشمیریوں نے بھی اپنی جدوجہد آزادی تیز کر دی ہے۔ بھارت میں مسلمان بیٹی مسکان نے بھی ہمت و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ روس اور یوکراین کی جنگ کے نتائج بھی اندازوں کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ بظاہر ایک چھوٹے سے ملک نے عالمی قوت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کا بھی منظرنامہ بدلا ہے۔ حکومت اپوزیشن میں اور اپوزیشن حکومت میں آ گئی، مگر مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری اور معیشت کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ قوم جب تک اہل ، ایمان دار ، صالح قیادت کا انتخاب اور جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات حاصل نہیں کرے گی، مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت اسلامی کے پاس باعمل اور اہل قیادت موجود ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست میں بدل سکتی ہے۔