الخدمت ملک بھر میں 18ہزارسے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے :حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز) الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت 1200 باہمت یتیم بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے مقامی سپر اسٹور میں شاپنگ کروائی گئی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،مزاحیہ اداکارایاز خان ،معروف ٹیسٹ کرکٹر میر حمزہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ اس مو قع پر تمام مہمانوں نے سپر اسٹورکا دورہ کیا اور باہمت بچوں سے ملاقاتیں کیں۔شاپنگ کر نے والے بچوں کے چہروں پر مسرت دیدنی تھی ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ الخدمت کے تحت یہ باہمت بچے عید کی شاپنگ کر رہے ہیں شاپنگ کا مقصد ان کے چہروں پر خوشیاں لانا تھا ۔الخدمت ملک بھر میں 18ہزارسے زائد اور کراچی میں 1300 بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ ان بچوں کی 4ہزار500روپے ماہانہ اور54ہزار روپے سالانہ سے ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے ۔الخدمت نے گلشن معمار میں آغوش ہوم قائم کیا ہے،جہاں یتیم بچوں کو معیاری رہائش ،خوراک ،تعلیم اور تفریح کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام حکومت کو کرنے چاہئیں مگر الخدمت یہ کام احسن طریقے سے کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم بھی یتیم تھے۔اس نسبت سے یتیم کی کفالت کو نبی مہربان نے بھی خصوصی اہمت دی۔پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں الخدمت کا ساتھ دے۔

انہوں نے ایاز خان اور میر حمزہ کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔اداکارایاز خان نے کہا کہ انہیں یہاں آکر خوشی ہوئی ہے،مجھے معلوم ہے کہ الخدمت کام کر رہی ہے ،مگر یتیموں کی کفالت اس کا بڑا کام ہے ۔الخدمت جوکام کر رہی وہ صاحب ثروت افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ الخدمت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہ الخدمت کے زیر کفالت باہمت یتیم بچوں میں بھرپوراعتماد موجود ہے جو قابل فخر ہے۔ٹیسٹ کر کٹر میر حمزہ نے کہا الخدمت طویل عرصے سے خدمت کے کام کر رہی ہے۔یتیموں کی کفالت بڑی نیکی ہے اور الخدمت نیکی کا کام کر رہی ہے۔ ہم سب الخدمت کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا کرکٹ کے میدان میں تو ہم ملک کی خدمت کر تے ہی ہیں ،مگر اصل  خدمت یتیموں کی خدمت ہے۔لوگوں کو چاہیے کی وہ الخدمت کا ساتھ دیں۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے رمضان المبارک میں شہر بھر میں سحر و افطار کے اوقات میں غیر اعلانیہ بد ترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک ہیڈ آفس گذری پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد حق دو کراچی تحریک کے نئے مرحلے کا آغاز کریں گے اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کے الیکٹرک نے 17 سال میں اپنی پیداوار میں صرف 16 فیصد کا اضافہ کیا ہے جبکہ صارفین کی تعداد 60 فیصد بڑھ چکی ہے ۔اگر بل کی ادائیگی نہ کرنے پر بجلی کاٹی جاتی ہے تو کے الیکٹرک ایس ایس جی سی کا اربوں روپے کا نا دہندہ ہے اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی اور معاہدہ نج کاری کی خلاف ورزی پر کے الیکٹرک کا لائسنس کیوں منسوخ نہیں کیا جاتا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم ہونی چاہیئے ،کے الیکٹرک کے 51 فیصد شیئرز حکومت کے پاس ہونے چاہیئے اور 49 فیصد شیئرز کمپنیوں کو دیے جائیں۔نیپرا کی سماعت کے دوران کے الیکٹرک 10 سال سے نئے پلانٹ لگانے کی بات کر رہی ہے لیکن عملاً ایسا نہیں کیا گیا ۔ 2022  شروع ہو چکا ہے اور کے الیکٹرک کے پاور پلانٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔کے الیکٹرک کو بغیر کسی معاہدے کے 1000 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سے مل رہی ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بجلی سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔

سید عبد الرشید نے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام دشمنی کاسلسلہ پورے کراچی میں جاری رکھا ہوا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں ,12 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔کے الیکٹرک کی سرپرستی وفاقی و صوبائی حکومت کے وزیر اور مشیر کرتے ہیں۔ آج بھی چہرے تو بدل گئے لیکن کے الیکٹرک کی اسی طرح سے سرپرستی کی جارہی ہے۔

اس موقع پر نائب امراء برجیس احمد، راجہ عارف سلطان ، اسحاق خان ،  عبد الوہاب ، سلیم اظہر ، مسلم پرویز ،ڈپٹی سیکریٹریز انجینئر عبد العزیز ، نوید علی بیگ ، راشد قریشی ، عبد الرزاق خان ، سیکریٹری  اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے