کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بننے والے پاکستان کو 70سال ہوگئے ہیں۔ پاکستان ابتدا ء میں ترقی کے منزلیں طے کر رہا تھا ۔ پاکستان کا وجود قرآن سے وابستہ ہے ۔ قرآن کے بغیر پاکستان زوال پذیر ہے ۔ مختلف حکومتیں آئیں کسی نے روٹی ،کپڑے ، مکان کا نعرہ لگایا ، کسی نے نئے پاکستان کا نعرہ لگایا تو کسی نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا ۔اس کے باوجود بھی معیشت کے زوال کا شکار رہی ۔ موجودہ اور سابقہ حکمران پاکستان کے مسائل کو حل نہیں کرسکتے۔ یہ سب حکمران پاکستان کو ڈبو رہے ہیں ۔پاکستان کی ترقی اسلامی نظام میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد میں سابقہ یوسی ناظم بشارت کے گھر اور جامعہ مسجد اقصیٰ ناظم آباد نمبر 2 میں درس قرآن کے پروگرامات سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔
راشد نسیم نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے ۔ پاکستان میں سارے موسم آتے ہیں فصلیں زرخیز ہیں ۔پاکستان کا نظام ناکارہ لوگ اور بدترین ناہلوں کے ہاتھوں میں رہا ہے جو صرف تقریروں کے ذریعے پاکستان کا نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔پاکستان کے نظام کو بدلنے کے لیے اسلامی نظام کی ضرروت ہے جو صر ف جماعت اسلامی لاسکتی ہے ۔