کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کی تبدیلی سے کچھ نہیں ہوگا’ نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے’ پی ٹی آئی حکومت نے چار سال قرض لینے کے سوا کچھ نہیں کیا’ نئے آنے والے بھی قوم کے آزمائے ہوئے ہیں،ملک میں غربت و افلاس وبیروزگاری بڑھی’ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے’ رمضان انقلاب و تبدیلی کا مہینہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت الفلاح صدرمیں دعوت افطار سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ کسی بھی جماعت کانظریہ اور فکر زندہ ہے تو کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی ایک عالمگیر تحریک اوراصولی ،نظریاتی وفکری جماعت ہے۔جس کی منزل اسلامی انقلاب اورجنت کا حصول ہے۔
انہوں نے کائناب کی ہرشئے اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے پیدا کی ہے اور انسان کو اپنی عبادت کے لیے تخلیق کیا ہے’عقل اور علم کی بنیاد پر انسان نے دنیا میں کامیابی کی منازل طے کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختلف ذرائع سے اپنی جانب متوجہ کیا ہے’قرآن کریم رمضان المبارک کے مہینے میں نازل کیا گیا’ انسانوں کو اس سے رہنمائی لے کر دنیا میں زندگی اور حکومت گزارنی چاہیے۔ اللہ کا نظام ہی اس ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔