کراچی (صباح نیوز) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا ماہ عظیم ، اسی کتاب ہدایت ,کتاب انقلاب اور نسخہ شفا کی وجہ سے ہے جس کی گواہی رب کائنات نے دی ہے – اللہ کے حکم کے مطابق مومنین کا کام دنیا کو امن فراہم کرتے ہوئے ایسا معاشرہ وجود میں لانا ہے جسے آخرت کی کامیابی کے لیے استعمال کیا جاسکے.
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل , حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے دورہ قرآن کے اختتامی دعائیہ پروگرام میں کیا،انہوں نے کہا کہ قرآن اللہ کی طرف سے عظیم نعمت ہے اور قرآن میں غوطہ زن ہوں تو یہ آنکھوں سے تعصب اور جہالت کے پردے ہٹاتا چلا جاتا ہے ۔ قرآن پاک دماغ سے زیادہ انسان کے قلب کو مخاطب کرتا ہے-اب دیکھنا یہ کہ قرآن سمجھنے کے بعد ہم اپنے نفس کو کس حد تک اصلاح کے لئے آمادہ کرتے ہیں،قرآن کے سوا انسانیت کے پاس نیکی و بد ی کی پہچان کا کوئی دوسرا پیمانہ نہیں ہے،
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں قیام پاکستان اللہ کا وعدہ تھا جسے رب العرش بے پورا کیا۔لیکن ہم نے وعدہ خلافی کی ۔ریاست مدینہ کے لئے دی جانے والی قربانی بھلا بیٹھے۔اور عہد شکنی کرتے ہوئے اللہ کی دی ہوء سرزمین پر اللہ کے قوانین سے بغاوت کے منصوبے بنانے لگے-رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالی نے ہمیں ایک مرتبہ پھر یہ موقع دیا ہے کہ ہم اس کی جانب پلٹ جائیں، اس رب کبیر کے آگے اپنی عاجزی کا اظہار کریں، اس سے اپنے گناہوں، کوتاہیوں اور اپنی انفرادی و اجتماعی خطاں کی معافی کے طالبگار ہوں۔رمضان المبارک کا مقصد رب کا مطلوبہ انسان بننے کی مشق کروانا ہے،آج بھٹکی ہو ئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کی ذمہ داری امت مسلمہ یعنی میری اور آپ کی ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک گناہوں کی بخشش کے اعلان عام کے ساتھ سایہ فگن ہے – معافی کی نوید کو پانا ہے تو اللہ کی بندگی کے تقاضے صحیح معنوں میں پورے کرنا ہوں گے – منافقت اور دورنگی کو ترک کرنا ہوگا -اللہ کرے کہ ہماری دعائیں , ہماری عبادتیں اہل خاندان، تمام اہل وطن، پوری امت اور پوری انسانیت کے لیے ذریعہ نجات و سکون بن جائیں ۔